تحریر: میر محمد علی ٹالپر
ترجمہ : لطیف بلیدی
فروری 1973ء میں حلف اٹھانے کے محض 10 ماہ بعد سردار عطاءاللہ مینگل کی حکومت کی غیر قانونی اور غیر منصفانہ برطرفی کے بعد بلاجواز اور ظالمانہ فوجی آپریشن کیخلاف بلوچ کی مزاحمت صوبے کی تاریخ میں سب سے زیادہ طویل، وسیع اور مضبوط ترین جدوجہد تھی۔
مینگل سرکار نے بڑی امیدیں اور توقعات لئے یکم مئی 1972 میں حلف اٹھایا لیکن روز اول سے اسے اپنی راہ میں رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا۔ وفاقی حکومت نے لسبیلہ میں اتھل پتھل پیدا کیا اور جام غلام قادر، سابق ریاست کے آخری حکمران، کے حامیوں کی صوبائی حکومت کے مبینہ ظلم و ستم کیخلاف ہتھیار اٹھانے کی حوصلہ افزائی کی۔ مینگل حکومت کو اس مصیبت پر قابو پانے کیلئے لیویز فورس میں اضافہ کرنا پڑا چونکہ وفاقی حکومت نے مدد بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ جام غلام قادر، لسبیلہ کے جام، مینگل حکومت کی برخاستگی کے بعد وزیر اعلیٰ بنے۔